2 روزہ آٹھویں کلر اینڈ کیم ایکسپو لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں ہوگی
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان میں ڈائیز، کیمیکلز اینڈ الائیڈ انڈسٹری کی ایک بڑی اور منفرد 2 روزہ آٹھویں کلر اینڈ کیم ایکسپو 19 اور 20 اگست کو لاہور انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی۔ اس نمائش کا تھیم ہے، چیلنجز کو مواقع میں بدلنا۔ یہ نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل پرائیویٹ لمیٹڈ اور رینبو گروپ کی جانب سے ایشیا ڈائی اسٹف انڈسٹری فیڈریشن کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے۔ چائنا ڈائی اسٹف انڈسٹری ایسوسی ایشن (سی ڈی اے) اور بی ایل جی ای ایکسپو شنگھائی کمپنی لمیٹڈ عالمی پارٹنرز ہیں۔ ایونٹ کے لیے منتظمین کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی)، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور پنجاب ڈائیز اینڈ کیمیکلز مرچنٹس ایسوسی ایشن (پی ڈی سی ایم اے) کا تعاون بھی حاصل ہے۔ نمائش کے کنوینر و سربراہ عبدالرحیم چغتائی نے بتایا کہ نمائش میں چین، تھائی لینڈ، ملائیشیا، ویتنام، جرمنی، ترکی، یو اے ای، برطانیہ سمیت 200 سے زائد غیر ملکی اور مقامی کمپنیاں شریک ہوں گی۔ ایونٹ میں ڈیجیٹل پرنٹنگ، ٹیکسٹائل پرنٹنگ و اسکرین پرنٹنگ،آلات اور مشینری کی بھی نمائش ہو گی۔ نمائش کے ڈائریکٹر راشد الحق نے کہا کہ ایکسپو 2023 مختلف شعبوں سے سنجیدہ خریداروں اور فروخت کنندگان کو اکٹھا کرے گا جن میں پروسیسنگ انڈسٹری کے پرچیز ڈیپارٹمنٹ، ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لیڈرز جو ٹیکسٹائل، اسکرین، ڈیجیٹل اور سبلیمیشن پرنٹنگ ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل گارمنٹس مینوفیکچرنگ اور ایکسپورٹرز یونٹس، آپریشن، پروڈکشن، انڈسٹریل مینیجرز، کیمیکل مینیجرز اور ریسٹورنٹ مارکیٹس کے انجنیئرز اور اس میں سرمایہ کاری کرنے کے خواہشمند ہیں، شامل ہوں گے۔ اس کے علاؤہ مختلف ایسوسی ایشنز، سرکاری اہلکار، ایکسپورٹ ہاؤسز، عام عوام، اکیڈمیا اور طلباء بھی شریک ہوں گے۔