• news

ناصر حیات مگوں کی حکومت کوپا کستان کی برآمدات بڑھانے کیلئے اہم تجویز

کراچی( کامرس رپورٹر)سابق صدر ایف پی سی سی آئی اور بزنس مین پینل سندھ کے سربراہ میاں ناصر حیات مگوں نے حکومت کوپا کستان کی برآمدات کیسے بڑھائی جاسکتی ہے کے حوالے سے اہم تجویز دے دی۔ناصر حیات مگوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گرتی ہوئی برآمدات کو کیسے بڑھا سکتے ہیں اس پر مکمل طور سے غوروفکرکی ضرورت ہے۔برآمدات اگر بڑھانی ہے تو علاقائی ممالک سے ٹریڈ کو کھولنا ہوگا۔سابق صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ ریجنل ٹریڈ زمینی راستے سے ہی ہوتی ہیں ، پاکستان سے ریجنل ممالک کو ٹریڈ کے لئے زمینی روٹس بند ہیں ،حکومت نے باٹر ٹریڈ کا ایس آو او جاری کیا ہے ،باٹر ٹریڈ میں صرف یہ بتایا ہے کہ کن ممالک اور کون سے اشیا کی تجارت ہوگی لیکن باٹر ٹریڈ کرنے کے لئے کلیئرنگ ہائوس کی اشد ضرورت ہے۔ناصر حیات مگوں نے بتایا کہ ایف پی سی سی آئی کی وزارت تجارت سے باٹر ٹریڈ پر اہم ملاقات ہوئی ،حکومت باضابطہ طور سے ایف پی سی سی آئی کو کلیئرنگ ہائوس بننے کی اجازت دے تو تجارت کو بہت فائدہ ہوگا اور اس کیلئے ایف پی سی سی آئی کو کلیئرنگ ہائوس بنانے کی اجازت دینے کیلئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے کیونکہ باٹر ٹریڈ کرنے والے کو کلیئرنس ہائوس سے ہی رابطہ کرنا ہوگا۔ناصر حیات مگوں نے مزید کہا کہ ایف پی سی سی آئی اجازت ملنے کے بعد باٹر ٹریڈ کی تمام لین دین کرسکے گا جبکہ باٹر ٹریڈ سے پاکستان اپنی مصنوعات ریجنل ممالک میں زمین راستے سے پہنچا سکے گا۔

ای پیپر-دی نیشن