حضرت امام حسین ؓکا یوم شہادت کل، ڈبل سواری پر پابندی
لاہور،اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے، این این آئی)نواسہ رسول حضرت امام حسین ؓکا یوم شہادت کل10محرم الحرام کو ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مختلف مقامات پر مجالس عزا کے انعقاد کے علاوہ علم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہو نگے جبکہ علماءکرام و ذاکرین واقعہ کربلا کے فضائل پر روشنی ڈالیں گے نیزحضرت امام حسین اور انکے رفقاءکی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔محرم الحرام کے سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میں بھی مذہبی اجتماعات و مجالس منعقد کی جارہی ہیں۔آج دوپہر کو اسلام پورہ پانڈو سٹریٹ سے جلوس برآمد ہوگا جو جین مندر سے ہوتا ہوا واپس اسلام پورہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور میں آج رات یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی سے برآمد ہوگا اور مقررہ راستوں سے گزرتا ہوابروز ہفتہ نماز مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہو گا جبکہ شہر سے دیگرعلم اور شبیہ ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو جائیں گے۔ جلوس میں شامل عزا دار نوحہ کنی ،ماتم اور زنجیر زنی کریں گے۔جلوس کے مقررہ راستوں پر دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی جائیں گی جبکہ جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائے گی۔علاوہ ازیں لاہور سمیت صوبہ بھر میں آج اور کل ڈبل سواری پر پابندی عائد ہو گی جبکہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا، وزارت داخلہ نے باضابطہ طور پر پی ٹی اے کو خط لکھ دیا۔
ڈبل سواری پابندی