پرویز الٰہی کی دوبارہ نظربندی کے خلاف درخواست، جسٹس فاروق کی سماعت سے معذرت
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے پرویز الٰہی کی نظربندی کے خلاف دوبارہ دائر درخواست پر سماعت سے معذرت کر لی۔ عدالت نے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی۔ عدالت نے درخواست پر حکومت پنجاب سمیت فریقین سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ دوسری جانب صدر پرویز الٰہی کو پیش نہ کرنے پر آئی جی پولیس پنجاب، آئی جی جیل اور ہوم سیکرٹری نے تنخواہیں روکنے کا حکم لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔ جسٹس شجاعت علی خان نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل واپس آفس کو بھجوا دی۔ اڈیالہ جیل میں پرویز الٰہی سے وکیل عامر سعید راں نے ملاقات کی۔ جیل ذرائع کے مطابق ملاقات میں پرویز الٰہی کی مقدمات کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ پرویز الٰہی نے عامر سعید راں کو کچھ ہدایات بھی دیں جس کے بعد عامر سعید واپس روانہ ہو گئے۔