جنرل ساحر شمشاد کی آسٹریلوی سویلین و عسکری قیادت سے ملاقاتیں ، تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا دفاعی و سکیورٹی مذاکرات اور 1.5 ٹریک سکیورٹی ڈائیلاگ کے لئے اس وقت آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا 24 سے 28 جولائی 2023ءتک آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنے دورے کے دوران جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اعلیٰ درجے کی سویلین اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چیف آف ڈیفنس فورسز آسٹریلیا جنرل اینگس جے کیمبل سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کی افواج نے باہمی فوجی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے رائل ملٹری کالج کا دورہ بھی کیا اور آسٹریلین ڈیفنس کالج کے شرکاءسے خطاب کیا۔