• news

پاکستان میں 10 ارب ڈالر سے گرین آئل ریفائنری لگے گی ، ایم او یو پر دستخط 

اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان میں دس ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری سے نئی آئل ریفائنری لگے گی۔ گرین فیلڈ ریفائنری پروجیکٹ کے ایم او یو پر دستخط کر دیئے گئے۔ وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پی ایس او، او جی ڈی سی ایل، پی پی ایل اور پارکو گرین فیلڈ ریفائنری منصوبے پر سرمایہ کاری کریں گی۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ منصوبے پر پچاس فیصد سرمایہ کاری سعودی عرب کی کمپنی کرے گی۔ گرین ریفائنری پروجیکٹ پر دس سال سے کام ہو رہا تھا۔ اس پروجیکٹ کو پایہ تکمیل موجودہ حکومت نے پہنچایا۔ مصدق ملک نے بتایا کہ گرین فیلڈ ریفائنری پروجیکٹ سے ملکی زرمبادلہ پر بوجھ میں کمی آئے گی۔ گرین فیلڈ ریفائنری پراجیکٹ کی ایم او یو سائننگ تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ آئندہ ہفتے اپنی وزارت کا سولہ ماہ کا ریکارڈ قوم کے سامنے رکھوں گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹ اور ایکسپورٹ میں فرق کے باعث ہمارا روپیہ مستحکم نہیں۔ مصدق ملک نے کہا کہ آئندہ پانچ سے چھ سالوں کے نئے کنویں ہماری فہرست میں ہیں۔ 1اعشاریہ 1 بلین ڈالر کی مزید گیس سسٹم میں آئے گی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بہت جلد ملک کو خود کفیل بنائیں گے۔ آذربائجان سستی ایل این جی کی شپ ہر ماہ ہمیں دے گا۔ روس سے معاہدہ کیا اس میں ہمارا بے انتہا فائدہ ہے۔ سیکرٹری پٹرولیم کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے کہا کہ اس منصوبے سے 3 لاکھ بیرل پٹرولیم مصنوعات ریفائن ہوں گی۔

ای پیپر-دی نیشن