آج اور کل محرم کے جلوسوں ، مجالس کی درون کوریج پر پابندی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اجلاس میں محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے سکیورٹی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ غیر ملکی شہریوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کے لئے کئے گئے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 ، 9 اور 10 محرم الحرام کو جلوسوں اور مجالس کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ فوج، رینجرز اور پولیس کے چاک و چوبند دستے فلیگ مارچ کریں گے۔ محسن نقوی نے تمام کمشنرز اور آر پی اوز کو بارشوں کے پیش نظر جلوسوں اور مجالس کے لئے ضروری پیشگی پلان تیارکرنے کا حکم دیا اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے وضع کردہ سکیورٹی پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور مرتب کئے گئے ضابطہ اخلاق کی پابندی کرائی جائے۔ امن کمیٹیوں کے اراکین اور منتخب نمائندے مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ نقوی نے کمشنرز اور آر پی اوز کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جے آئی ٹیز کی کارکردگی مانیٹرکرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں 9 مئی کے واقعات میں ملوث شر پسندوں کے خلاف پراسیکیوشن کے عمل کا جائزہ بھی لیا گیا۔ محسن نقوی کی زیر صدار ت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اجلاس میں چنیوٹ کے دیہات کو سیلاب سے بچانے کیلئے فلڈ پروٹیکشن بند کی اصولی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ چنیوٹ فلڈ پروٹیکیشن بند کیلئے معمول سے ہٹ کر کام کیا جائے ورنہ باقی ماندہ دیہات بھی ڈوب جائیں گے۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں سیلاب کی وجہ سے متاثر ہونے والے چینل، ڈرین اور ڈرینج کے بحالی پراجیکٹ کی منظوری دی گئی جبکہ مین بلیوارڈ گلبرگ (سینٹر پوائنٹ) سے والٹن روڈ (ڈیفنس موڑ) تک سگنل فری کوریڈور پراجیکٹ، بیدیاں روڈ راﺅنڈ اباﺅٹ انڈرپاس پراجیکٹ اور رائے ونڈ روڈ سے ملتان روڈ تک لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ (ایس ایل تھری) پراجیکٹ کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے، جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی اور ٹراما سینٹر کی تعمیر کے منصوبے کیلئے ایک ارب 80 کروڑ روپے کے فنڈز مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ جناح ہسپتال کی نئی ایمرجنسی میں کارڈیک یونٹ بھی بنایا جائے گا۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے ہسپتالوں میں آئی سی یوز پیشنٹ کیئر مینجمنٹ کیلئے نرسوں کی 515 نئی آسامیوں اور اٹک، بہاولنگر اور لیہ میں 200 بستروں پر مشتمل مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کو جنرل ہسپتالوں میں تبدیل کرنے، پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کیلئے ورلڈ بنک کے پروگرام کے معاہدے پر دستخط کیلئے مجاز اتھارٹی کی نامزدگی اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کیلئے از سرنو فنڈز کے اجراءکی محکمہ توانائی کے چیف انجینئر پاور کے ری کنسیلیشن سیل کیلئے منظور شدہ 13 آسامیوں پر بھرتی کی بھی منظوری دی گئی۔ محسن نقوی نے می¶ ہسپتال میں وہاڑی میں باپ کے ظلم اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بننے والی بچی ایمن اور ان کی زخمی والدہ سے ملاقات کی۔ بچی ایمن اور ان کی والدہ کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بینائی واپس لانے کیلئے بچی کا بہترین ڈاکٹرز سے علاج کرایا جائے گا۔ آپ کو انصاف دلانا میری ذمہ داری ہے، انصاف نہ صرف ہو گا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ تھریٹس موجود ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا پورا کام کر رہے ہیں۔ میڈیا اور دوسرے لوگوں سے ڈرون استعمال نہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ محرم الحرام کے دوران ڈرون کے استعمال سے دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ محرم الحرام کے دوران بارشوں کی وجہ سے متعلقہ محکموں کے دوران ذمہ داریاں بڑھ گئی ہیں، کوتاہی نہ کی جائے۔محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آج صبح 11 بجے حضرت داتا گنج بخشؒ کے دربار کو غسل دیں گے اور دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ محسن نقوی نے رات گئے اندرون موچی گیٹ کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے نثار حویلی کا وزٹ کیا۔ محسن نقوی نے نثار حویلی سے برآمد ہونے والے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹ کا معائنہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے منتظمین اور عزاداروں سے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے جلوس کے منتظمین سے انتظامات اور دیگر امور کے بارے میں دریافت کیا۔