عامر میر کا محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ کیلئے قصور کا دورہ
لاہور(نیوز رپوٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے قصور کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر قصور اور اعلی پولیس حکام نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے سلسلے میں کئے جانیوالے انتظامات بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر کو مجالس و جلوسوں کے راستوں پر سیکورٹی، لائٹنگ اور صفائی کے انتظامات بارے بھی بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر نے محرم الحرام کے سلسلہ میں قائم ضلعی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کے سسٹم کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مرکزی جلوس کے روٹ اور امام بارگاہ سادات منزل میں انتظامات کو چیک کیا۔ منتظمین مجالس اور امن کمیٹی کے ممبران نے صوبائی وزیر سے بھی ملاقاتیں کیں۔ عامر میر نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محرم الحرام میں مشکوک افراد، ریڑھی بانوں اور گداگراوں پر خصوصی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہسپتالوں میں عملے کو الرٹ رکھا جائے۔ پنجاب حکومت نے مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے ہیں اور مجالس و جلوسوں کی نگرانی کیلئے تحصیل لیول پر کنٹرول روم قائم کئے گئے ہیں۔ عامر میر نے کہا کہ محرم میں اتفاق اور اتحاد سے امن کی فضا برقرار رکھی جائیگی۔ صوبائی وزیر نے ڈپٹی کمشنر ارشد بھٹی اور پولیس افسران کے سکیورٹی انتظامات پر اظہار اطمینان کیا۔