”منی پور میں حالات کے ذمہ دار نریندر مودی “ بی جے پی رہنمانے استعفیٰ دیدیا
پٹنہ(این این آئی) بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما ونود شرما نے پارٹی سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ انہوںنے اپنے استعفے کی وجہ منی میں تشدد بتایا ہے اور اسکا ذمہ دار وزیر اعظم نریندر مودی کو ٹھہرایا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ریاست بہار میں بی جے پی کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے رکن ونود شرما نے اپنے استعفے کی خبر ذرائع ابلاع کو جاری کرنے کے علاوہ دارلحکومت پٹہ کے چوراہوں پر بھی اس حوالے سے پوسٹر چسپاں کیے ہیں۔ انہوںنے منی پور کے ابتر حالات کے لیے وزیر اعظم نریندرمودی اور منی پور کے وزیر اعلیٰ بیر ین سنگھ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے ان سے بھی استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے۔ شرما نے اپنے پوسٹر میں ایک نعرہ بھی لکھا ہے جو اس طرح ہے”بھارت کی بیٹیاں کرے چیتکار۔۔۔ شرم کرو بیٹی بچاﺅ کا نعرہ دینے والی مودی سرکار“۔ انہوںنے بی جے پی کو بھیجے گئے اپنے استعفیٰ نامے میں لکھا ” منی پور میں بیٹیوں کو مکمل برہنہ کر کے سڑکوں پر گھمائے جانے کے واقعے نے پوری دنیا میں بھارت کو شرمسار کیاہے، اسکے لیے وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ بیرین سنگھ دونوں ذمہ دار ہیں، ایسی قیادت میں کام کرتے ہوئے مجھے شرمندگی ہو رہی ہے لہذا میں بی جے پی کے سبھی عہدوں سے مستعفی ہو رہا ہوں۔