• news

ظلم کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے ، صدر: حق کیلئے کھڑا ہونا آسان نہیں : وزیراعظم 


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ خبر نگار خصوصی) صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ کربلا کی جنگ سے ہمیں بے لوثی اور عظیم تر بھلائی کیلئے قربانی کی اہمیت کا درس ملتا ہے، امام حسین نے طاقت اور تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں اور اقدار سے دستبردار ہونے سے انکار کردیا، تمام پاکستانی متحد ہو کر اور اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر یکجان قوم بن کر ملک پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ عاشورہ کا مقدس دن اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔ یہ معرکہ اسلام کی سربلندی کی خاطر ایک جدوجہد تھی جو امام حسین کے اصولی مو¿قف، غیر متزلزل بہادری اور قربانی سے عبارت ہے۔ انہوں نے کہاکہ امام حسین رضی اللہ عنہ کا اپنے وقت کے ظالم حکمران یزید کے خلاف موقف طاقت یا انتقام کی وجہ سے نہیں تھا بلکہ انصاف، اسلامی اقدار کے تحفظ، بدعنوانی اور ظلم سے اسلامی معاشرے کی حفاظت کیلئے ایک اصولی موقف تھا۔ انہوںنے کہا کہ اس جرات مندانہ عمل سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہمیں ظلم اور غلط کام کے سامنے نہیں جھکنا چاہیے اور ناانصافی اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، چاہے اس کے لیے کتنی ہی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عاشورہ محرم دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری روحانی اہمیت رکھتا ہے، حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔ شہدائے کربلا کا لازوال پیغام آج بھی ہمارے ساتھ گونجتا ہے جو ہمیں اپنی زندگی میں انصاف، ہمدردی اور استقامت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے، حضرت امام حسینؓ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ سرحدوں سے بالا تر ہو کر نسلوں اور براعظموں میں مسلمانوں کے ساتھ گونجتی ہے۔ یوم عاشور ایک یاد دہانی ہے کہ انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے لیے ہماری جدوجہد کو غیر متزلزل عزم سے ہمکنار ہونا چاہیے، حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ حق اور انصاف کے لیے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، قوم اور پوری امت مسلمہ کو جن چیلنجوں اور آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
صدر وزیراعظم 

ای پیپر-دی نیشن