عراق بھیجے جانے والے بھارتی سیرپ میں زہریلے کیمیکلز کا انکشاف
بغداد(نیٹ نیوز) عراق میں نزلہ زکام سے بچانے کے لیے فروخت ہونے والے بھارتی ساختہ سیرپ میں زہریلے کیمیکلز کی آلودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سے قبل دنیا کے مختلف ممالک میں بھارتی کمپنیوں کی تیار کردہ کھانسی کی آلودہ سیرپ ادویات کے استعمال سے متعدد بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ خبر رساں ادارے بلومبرگ کی جانب سے عراق میں فروخت ہونے والے بھارتی ساختہ سیرپ کا ٹیسٹ امریکی لیبارٹری میں کرایا گیا اور دریافت ہوا اس میں ethylene glycol نامی کیمیائی مرکب کی مقدار طے شدہ مقدار سے 21 گنا زیادہ ہے۔ اس کیمیائی مرکب کی زیادہ مقدار انسانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہوتی ہے اور گزشتہ سال ازبکستان اور گیمبیا میں بھارتی ساختہ کھانسی کی ادویات کے استعمال سے ہونے والی بچوں کی اموات کا باعث اسے قرار دیا جاتا ہے۔خبر رساں ادارے کی جانب سے امریکی لیبارٹری کے ٹیسٹوں کے نتائج عالمی ادارہ صحت، عراقی اور بھارتی حکام سے شیئر کیے گئے۔عالمی ادارہ صحت نے امریکی لیبارٹری کے نتائج کو قابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا اگر عراقی حکومت کی جانب سے اس دوا کی فروخت کی تصدیق کی گئی تو الرٹ جاری کیا جائے گا۔عراقی وزارت صحت کے ترجمان نے مخصوص دوا کی فروخت کے حوالے سے جواب دینے سے گریز کیا۔