• news

اسلامو فوبیا میں مبتلا مٹھی بھر عناصر دنیا کے امن کیلئے خطرہ: زرداری 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آصف علی زرداری نے یوم عاشور کے موقع پر حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور ان کے ساتھیوں کو نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ امام عالی مقام نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ کا فلسفہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے، حضرت بی بی زینبؓ کے یزید کے دربار میں خطاب نے یزید کو شکست سے دوچار کیا۔ اسلام کو سمجھنے کے لیے نواسہ رسول کی عظیم قربانی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے نواسہ رسول کی فلاسفی کو مشعل راہ بناکر وقت کے یزیدوں کی مزاحمت کی۔ اسلامو فوبیا میں مبتلا مٹھی بھر عناصر دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں، مسلمانوں کی دل آزاری دہشتگردی کے زمرے میں آتی ہے۔ دنیا کے مہذب ممالک کی حکومتیں ایسے عناصر کی سختی سے حوصلہ شکنی کرنے کیلئے اقدامات اٹھائیں جو ہمارے نبی جو رحمة للعالمین ہیں کی توہین کرکے اشتعال انگیز مہم جوئی کرکے دنیا کے امن کیلئے خطرہ بن رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا سے ہمیں درس ملتا ہے کہ عظیم مقاصد کی خاطر بڑی قربانیاں دینا پڑتی ہیں اور بالآخر فتح ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔ پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ نواسہ رسولﷺ امام حسینؓ نے اپنی اور اپنے پیاروں کی جانیں قربان کرکے سکھایا کہ حق کے ساتھ کھڑا ہونے والا سر کٹ تو سکتا ہے مگر جھک نہیں سکتا۔ امام حسین ؓکے تمام رفقا بشمول ان کی ہمشیرہ بی بی زینب کا حوصلہ، صبر و استقلال اور تدبر بھی مشعل راہ ہے۔ آج یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم اپنی زندگیوں کو امامِ حسینؓ کی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔ پیپلز پارٹی نے قیام کے بعد اپنے دور کے ہر یزید کے خلاف جدوجہد کی ہے اور لازوال قربانیاں دی ہیں، ملک و معاشرے میں یزیدی سوچ کسی بھی شکل میں ہو، یوم عاشور پر ہم اس کے خلاف مزاحمت کا عہد دہراتے ہیں۔
زرداری

ای پیپر-دی نیشن