• news

پاکستان میں بھی ہیپاٹائٹس  کا عالمی دن منایا گیا


اسلام آباد(نا مہ نگار)دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی 28 جولائی کو ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا۔یہ دِن منانے کا مقصد، جگر کی اس بیماری سے بچا کے طریقے اور عام سطح پر آگہی کو عام کرنا ہے۔ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان ہیپاٹائٹس سی میں دنیا کے دوسرے نمبر پر ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں جمعہ 28 جولائی کو اقوام متحدہ کے زیرِ انتظام ہیپاٹائٹس کا عالمی دن منایا گیا۔ یہ دن قومی اور بین الاقوامی سطح پر مرض کے خلاف کوششوں کو تیز کرنے، افراد، شراکت داروں اور عوام کی طرف سے اقدامات اور مشغولیت کی حوصلہ افزائی کرنے اور عالمی ادارہ صحت کی 2017 کی عالمی ہیپاٹائٹس رپورٹ میں بیان کردہ وسیع تر عالمی ردعمل کی ضرورت کو اجاگر کرنے کا ایک موقع فراہم کرتا ہے۔واضح رہے کہ 28 جولائی کی تاریخ کا انتخاب اس لیے کیا گیا کیونکہ یہ نوبل انعام یافتہ سائنسدان ڈاکٹر باروچ بلمبرگ کا یوم پیدائش ہے۔ جنھوں نے ہیپاٹائٹس بی وائرس دریافت کیا اور اس وائرس کے لیے ایک تشخیصی ٹیسٹ اور ویکسین بھی تیار کی تھی۔ہیپاٹائٹس کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری و غیر سرکاری اور نجی اداروں، تنظیموں کے زیر انتظام مختلف پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد بیماری سے تحفظ اور علاج معالجہ کے حوالہ سے عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔
عالمی دن

ای پیپر-دی نیشن