• news

محسن نقوی نے نذرانہ آن لائن ایپ کا افتتاح کردیا 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے حضرت داتا گنج بخش ؒ کے دربار کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ محسن نقوی اور اسحاق ڈار نے ”نذرانہ آن لائن“ ایپ اور غلام گردش کے توسیعی منصوبے کا بھی آغاز کیا۔ nazranaonline.punjab.gov.pkکے ذریعے حضرت داتا گنج بخشؒ کے عقیدت مند دنیا میں کسی بھی جگہ سے نذرانہ پیش کر سکیں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ ”نذرانہ آن لائن“ کے ذریعے بیرون ملک بیٹھ کر لنگر بھی تقسیم کرایا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ”نذرانہ آن لائن“ کے ذریعے صفائی، سکیورٹی اور خادمین کو بھی نذرانہ دیا جاسکے گا۔ توسیعی منصوبے کے تحت نیا لنگر خانہ اور کمرشل کچن بھی بنایا جائے گا۔ ایڈمن بلاک، ایگزیکٹو وی آئی پی لاﺅنج، ڈائننگ ہال اورگارڈن بھی بنائے جائیں گے۔ داتا گنج بخشؒ کمپلیکس میں لائبریری اور میوزیم بھی بنائے جائیں گے۔ گولڈن گیٹ کے سامنے17کنال اراضی حاصل کر کے کمپلیکس کو توسیع دی جائے گی۔ وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کو داتا دربار کے توسیعی پراجیکٹ کے آغاز پر مبارکباد پیش کی اور اسے تیسری بڑی توسیع قرار دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ”نذرانہ“ آن لائن ایپ کے آغاز سے اندرون اور بیرون ملک مقیم زائرین کو سہولت ملے گی۔ 1999میں محمد نوازشریف کے دور میں توسیع ہوئی تھی۔ اس توسیعی منصوبے کا ثواب ہمیشہ ملتا رہے گا۔ حضرت سید علی بن عثمان الہجویریؓ المعروف حضرت داتا گنج بخش کے مزار کو سالانہ غسل مبارک دینے کی تقریب میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، صوبائی وزیر اوقاف اظفر علی ناصر اور دیگر نے شرکت کی۔ محسن نقوی، اسحاق ڈار اور دیگر شخصیات نے حضرت سید علی بن عثمان الہجویری المعروف حضرت داتا گنج بخشؒؒ کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا۔ نگران پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور تخریبی سرگرمیوں کے بروقت سد باب کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے بم ڈسپوزل سکواڈ کو جدید ترین گاڑیوں سے لیس کردیا۔ 16کروڑ 27لاکھ روپے مالیت کی 16 نئی بم ڈسپوزل رسپانس گاڑیاں اور جدید آلات کو بم ڈسپوزل سکواڈ کے سپرد کردیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ حالات میں سول ڈیفنس کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے۔ جدید سہولتوں اور آلات سے لیس گاڑیوں سے بم ڈسپوزل سکواڈ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو گا۔محسن نقوی نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے اپنے اہل و عیال اور اصحاب کے ساتھ حق کی خاطر جام شہادت نوش کیا۔ واقعہ کربلا حق و سچ کی سرفرازی و سر بلندی کی داستان ہے۔ حضرت امام حسینؓ نے ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا ابدی درس دیا ہے۔ نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ نے باطل کے سامنے سر نہ جھکا کر دین اسلام کو زندہ رکھا۔ محسن نقوی نے 9 محرم الحرام کے صدر کے جلوس کا دورہ کیا اور جلوس کے روٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

ای پیپر-دی نیشن