سی ٹی دی کی کارروائیاں ، مزاروں ، عبادت گاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی ناکام، 10دہشتگرد گرفتار
لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) سی ٹی ڈی کی مختلف کارروائیوں میں کالعدم تنظیموں سے وابستہ 10 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔ترجمان کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی پنجاب نے مختلف شہروں میں 132 خفیہ آپریشنز کیے، اس دوران ٹی ٹی پی، داعش اور دیگر کالعدم تنظیموں سے وابستہ 10 دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔لاہور ،ملتان اور ڈی جی خان سے گرفتار دہشت گرد مزاروں اور عبادت گاہوں پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اٹک سے گرفتار ٹی ٹی پی کے 2 کمانڈر چینی شہریوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔دہشت گردوں سے بارودی مواد ، ڈیٹو نیٹر ، اسلحہ، گولیاں، اہم عمارتوں کے نقشے اور نقدی برآمد کرلی گئی۔دہشت گردوں کی شناحت عذیر، عادل، رمضان، عبدالرحمٰن، عثمان، آصف، معاویہ،اسامہ، رحمٰن اور حضرت شیان کے نام سے ہوئی۔ سوشل میڈیا پر فرقوں کے خلاف نفرت انگیز مواد شیئر کرنے پر 7 افراد گرفتار کیے گئے۔ سی ٹی ڈی ساہیوال نے امجد عطاری، الطاف، عدنان،شہریار، اعجاز، حمزہ اور عثمان کو گرفتار کر لیا۔رواں ہفتے485 کومبنگ آپریشنز کے دوران36 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ 21008 افراد سے پوچھ کچھ کی گئی۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے یہ کارروائیاں لاہور، اٹک،سرگودھا، گوجرانولہ، ملتان اور ڈی جی خان میں کیں۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سی ٹی ڈی پرعزم ہے۔