ایک گھنٹے میں 29 بلوں کی اسمبلی سے منظوری جمہوریت نہیں مجبوریت ہے:شیخ رشید
لاہور ( این این آئی)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک گھنٹے میں 29بلوں کی 24رکنی اسمبلی سے منظوری جمہوریت نہیں مجبوریت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کا نگران وزیراعظم کا لانچنگ پیڈ ابھی تک فضا میں نہیں چھوڑا جا سکا کیونکہ اس میں فیول ابھی پورا نہیں بھرا گیا، برادر یوسف شہبازشریف وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ان کی خواہش ہے کہ نگران حکومت ان کی قائم مقام حکومت ہو لیکن ایسا نہیں ہوسکے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک گھنٹے میں 29بلوں کی 24رکنی اسمبلی سے منظوری جمہوریت نہیں مجبوریت ہے، سیاست یکم اگست سے فیصلہ کن مراحل میں داخل ہو جائے گی، عدلیہ آئین اور قانون کے مطابق اہم فیصلے دے سکتی ہے، آرٹیکل 224اور 230میں ترمیم آئین سے کھلا تصادم ہے، عدلیہ اس کا نوٹس لے سکتی ہے عدلیہ کو اس پر خاموش تماشائی نہیں بنے رہنا چاہیے۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ صرف چادر اور چاردیواری کو نیست ونابود نہیں کیا گیا بلکہ بچوں اور حاملہ عورتوں کو بھی گھروں سے اٹھا کر لاپتہ کیا گیا، پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے لوگ اپنی عزت کو بچانے کیلئے خاموش تو ہو سکتے ہیں لیکن وقت آنے پرالیکشن میں اس حکومت کا سود سمیت ادھار اتار دیں گے۔