• news

امام حسینؓ نے جان کا نذرانہ پیش کرکے حق و باطل کی پہچان کرا دی: طاہرالقادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست  ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ سیدنا امام حسینؓ  کی عظیم قربانی حق کیلئے ڈٹ جانے کا پیغام ہے۔ اسلام کردار اور جذبہ ایثار سے پھیلا۔ سیدنا امام حسینؓ اور خانوادہ رسولﷺ نے عظیم قربانیاں دے کر ظلم پر مبنی یزیدی نظام حکومت و سیاست کو قیامت تک کے لیے بے نقاب کر دیا۔ حسینیت حق و صداقت، امانت و دیانت جرات و شجاعت جبکہ یزیدیت کذب و افترا،دجل و فریب،حرص و ہوس کا نام ہے۔ یزید ملعون نے امور مملکت میں سیاسی، مالی اور اخلاقی کرپشن کو داخل کیا، ریاست مدینہ کی احتساب اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر مبنی اعلیٰ انتظامی اقدار و روایات کو پامال کیا اور خوشامدی اور شخصی تابعداری کے منفی کلچر کی حوصلہ افزائی کی۔ یزید ملعون نے اپنے سیاہ عہد حکومت میں صحابہ کرام کو قتل کروایا، مسجد نبوی اور شہر مدینہ کی بے حرمتی کی، شہر مدینہ کی عصمت مآب خواتین کی عزتیں پامال کیں اور اپنے سیاہ اور فاسق و فاجرانداز حکمرانی کو دوام دینے کے لیے خوف و دہشت اور لوٹ مار کا بازار گرم کیا،یزیدی عہدِ اقتدار کے خلاف حضرت امام حسینؓ کی قربانیاں امت مسلمہ کے سر پر احسان عظیم ہیں، حضرت امام حسین ؓنے جان کا نذرانہ پیش کر کے انسانیت کو حق اور باطل کی پہچان کروا دی، ہر اسلامی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ نظام سلطنت قرآن و سنت کے احکامات کی روشنی میں چلائے اور امر بالمعروف و نہی عن المنکر پر عمل پیرا رہے۔

ای پیپر-دی نیشن