• news

امام حسین ؓ نے اسلام کی سربلندی کیلئے جو قربانی دی وہ رہتی دنیا تک زندہ رہے گی،کامران ٹیسوری

کراچی(این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دس محرم الحرام کے دن ہمیں اسلام کے لئے قربانی دینے کا سبق ملتا ہے، امام حسینؓ کی قربانی نے تاریخ میں اسلام کی سربلندی اور اعلیٰ ترین مقاصد کے حصول کے لئے جان کی بازی لگا دینے کی وہ روایت قائم کی، جو ہر دور میں صراط مستقیم پر چلنے والوں کے لئے ایک روشن مثال ہے، امام حسین ؓ کی اس عظیم قربانی سے ہمیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ شہدائے کربلا نے اپنے قول و فعل سے حق و صداقت کی راہ میں جانثاری کی عظیم تاریخ رقم کی، انہوں نے پوری استقامت سے دین حق کی سربلندی لئے اپنی جان قربان کر دی لیکن یزیدیت کے سامنے سر نگوں نہیں کیا،یہ عظیم الشان قربانی آج مسلمانان عالم کے لئے سب سے  امتیاز ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کربلا کے میدان میں امام حسین ؓ  نے اسلام کی سربلندی کے لئے جو قربانی دی ،وہ رہتی دنیا تک زندہ جاوید رہے گی، کربلا میں امام حسین ؓ نے خود سمیت اپنے پورے خاندان کی قربانی دی مگر باطل کے سامنے نہیں جھکے،واقعہ کربلا قیامت تک حق و باطل کے درمیان تفریق کرنے کا پیمانہ ہے اور یہ آنے والی نسلوں کے لئے پیغام بھی ہے اسی لئے اِس دن کو اتنی اہمیت دی جاتی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ قتل حسین ؓ  اصل میں مرگ یزید ہے، اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد۔

ای پیپر-دی نیشن