شہدا کربلا کی قربانی قیامت تک آنے والوں کیلئے مشعل راہ ہے،سپیکر وڈپٹی
اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے یوم عاشور کے موقعہ پر قوم کے نام اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا اللہ تعالی اور یوم آخرت پرغیر متزلزل ایمان ، بے مثال تقوی ، بہادری ،اللہ کی راہ میں صبر اور قرآن مجید میں بیان شہادت کے جذبے کا ایک بہترین نمونہ ہے جسے قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ اس موقعہ پر سپیکر نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم حضرت امام حسین اور ان کی ساتھیوں کی اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو انہوں نے حق اور سچ کی خاطر دی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین اور ان کے ساتھی قرآنی تعلیمات ،برداشت، قربانی اور جذبہ شہادت کی ایک لازوال مثال ہیں۔ سپیکر نے کہا کہ بحثیت مسلمان یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم ان طاغوتی قوتوں کے سامنے ڈٹ سینہ سپر ہو جائیں جو اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معاشرے میں انتشار پھیلانا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم انسانیت کی بھلائی اور ملکی تعمیر و تر قی کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ انہوں نے یوم عاشورہ کی قربانی کو باطل کے خلاف دی جانے والی عظیم قربانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہدا کربلا کی قربانی قیامت تک آنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس تجدید عہد کا دن کہ ہے ہم مذہب اسلام سربلندی اور ملک حفاظت و استحکام کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے دریغ نہیں کرینگے۔اس موقعہ پر ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا کہ واقعہ کربلا جو سچ اور باطل قوتوں کے درمیان پیش آیا وہ مسلمانوں کو باطل قوتوں کے خلاف سینہ سپر ہونے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جس پر ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے ہمیں عمل پیرا ہونے کا درس دیا ہے اور جس پر چل کر حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں نے لازوال قربانیاں پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا سے ہمیں درس ملتا ہے کہ دین کی سر بلندی اور ملک خاطر ہمہ وقت ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار رہیں ۔