• news

بابوسر ٹاپ: گاڑی کھائی میں جاگری، ساہیوال سے ایک خاندان کے 8افراد جاں بحق، 9زخمی

گلگت+لاہور (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) چلاس بابوسر پاس کے قریب گیٹی داس کے پاس سیاحوں کی ہائی روف کو حادثہ ، 8 جاں بحق اور ڈرائیور سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ راولپنڈی سے براستہ بابو سر گلگت کی طرف آنے والی بد نصیب گاڑی LES-4618 کو ڈرائیور عبدالمالک ساکن ساہیوال چلا رہا تھا۔ گاڑی  چڑھائی چڑھتے ہوئے بے قابو ہو کر پیچھے کی طرف نیچے کھائی میں جا گری اور گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔ گاڑی میں 17 افراد سوار تھے جن میں سے 8 جاںبحق اور 9 زخمی ہو گئے ۔ 7 سال کی بچی کی نعش اور زخمیوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال چلاس منتقل کر دیا گیا جبکہ دیگر 7 میتوں کو ناران کاغان کی طرف لے جانے کی اطلاع ہے ۔ 9 زخمیوں میں سے بعض شدید زخمیوں کو گلگت صوبائی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں زاہد ولد سرفراز ، ریدہ دختر سرفراز، عروج فاطمہ دختر عرفان، آمنہ دختر محمد ظفر، عبدالمالک ولد حاجی ریاض ڈرائیور، عطیہ دختر عرفان ،عائشہ دختر سرفراز ، مریم دختر ظفر ،زیب النسا  زوجہ محمد ظفر ساکن ساہیوال بتائے جاتے ہیں۔نوائے وقت رپورٹ کے مطابق چلاس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) وزیر لیاقت نے بتایا گاڑی ساہیوال سے گلگت جا رہی تھی گیٹی داس کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری ۔ وزیر لیاقت کے مطابق زخمیوں میں 4 خواتین، 4 بچے اور ایک مرد شامل ہیں۔وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے بابو سر ٹاپ کے قریب حادثے میں ساہیوال کے ایک ہی خاندان کے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج ہوا ہے۔محسن نقوی نے کہا زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن