• news

جنگل کی آگ فوجی اسلحہ ڈپو تک پہنچ گئی یونان دھماکوں سے گونج اٹھا

ایتھنز(این این آئی)یونان کے جنگل میں لگی آگ کو تیز ہواں نے مزید بھڑکا کر قریب واقع ایئر فورس کے گولہ باروڈ کے ڈپو تک پہنچا دیا جہاں دھماکوں کے ایک سلسلے نے علاقے کو لرزا کر رکھ دیا۔عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق وسطی یونان میں فضائیہ کے گولہ بارود کے ڈپو میں بڑے پیمانے پر دھماکوں کے سلسلے کے دوران فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کی کوششیں جاری رکھیں۔رپورٹ کے مطابق ایئر فورس کے اسلحہ ڈپو سے اہلکاروں کو پہلے ہی منتقل کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔یونانی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ ایک قریبی ہوئی اڈے پر موجود ایف 16 لڑاکا طیاروں کو احتیاطی طور پر دوسرے ہوائی اڈے منتقل کیا گیا تھا تاہم ایئر فورس کے اڈے کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔وسطی یونان کے میگنیشیا کے علاقے وولوس میں لگنے والی آگ ایک بڑے فوجی ایئر بیس کے شمال میں تقریبا 6 کلومیٹر دور واقع گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے ڈپو تک پہنچی۔ مقامی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اس مقام پر یونان کے F-16 لڑاکا طیاروں کے لیے بم اور گولہ بارود ذخیرہ کیا گیا تھا۔بڑے دھماکوں سے آس پاس کے مکانوں کی کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم یونانی فائر سروس نے کہا کہ قریبی دیہاتوں میں کوئی شدید زخمی نہیں ہوا۔ علاقے کو احتیاط کے طور پر پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔حکام نے یونان کے رہوڈز کے جزیرے سے سیاحوں کے انخلا کے لیے کام شروع کیا ہے۔ فائر سروس کے ترجمان آئینس آرتوپیوس نے بتایا کہ اسلحہ ڈپو کے قریبی علاقے میں 12 دیہات کو خالی کرنے کا حکم دیا گیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران بحیرہ روم کے کنارے آباد علاقے میں گرمی کی شدید لہر سے یونان کے مختلف حصوں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے اب تک پانچ افراد ہلاک ہو گئے جن میں دو فائر فائٹنگ پائلٹ بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن