• news

پاکستانی سفیر کی امریکی حکام سے ملاقاتیں، اقتصادی شراکت داری بڑھانے پر تبادلہ خیال

 اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے امریکی سینیٹر، کانگریس ارکان سے ملاقات کی۔ پاک امریکہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستانی سفیر مسعود خان نے سینیٹر ٹوڈ  ینگ، چیئرمین آرمڈ سروسز کمیٹی کانگریس مین مائیک راجرز اور کانگریس پروگریسو کاکس کی نائب صدر کانگریس وومن الہان عمر سے ملاقات کی اور پاک امریکہ تعلقات، دونوں ممالک کی اقتصادی شراکت داری، دفاعی تعلقات اور سکیورٹی تعاون،  ماحولیاتی تبدیلی  اور علاقائی پیشرفت کے حوالے سے بات چیت کی۔ سفیر پاکستان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ  انڈیانا کے ایک عظیم رہنما سینیٹر ٹوڈ ینگ سے  ملاقات کرکے خوشی ہوئی۔ پاک امریکہ اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور  علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مسعود خان نے چیئرمین آرمڈ سروسز کمیٹی کانگریس مین مائیک راجرز سے  بھی  ملاقات کی اور علاقائی صورتحال، دفاعی تعلقات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ روابط جاری  رکھنے پر اتفاق کیا۔علاوہ ازیں ، پاکستانی سفیر نے  رکن کانگریس الہان عمر سے ملاقات کے بعد  اپنے  ٹویٹ کیا کہ انہیں الہان عمر سے مل کر خوشی ہوئی اور انہوں نے پاک امریکہ تعلقات، خطے میں ہونے والی پیشرفت اور موسمیاتی موافقت اور تخفیف پر بات کی۔ انہوں نے انسانی سلامتی کو فروغ دینے پر کانگریس کی خاتون رکن  الہان عمر کے کام کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن