ٹرینوں کی آمد میں کئی گھنٹے تاخیر ‘مسافروں کو مشکلات
اسلام آباد(نا مہ نگار)بارش اور موسم کی خرابی کے باعث ٹرینوں کی آمد میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بارش اور موسم کی خرابی کے باعث ٹرین کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے اور ملک بھر میں ٹرینوں کی آمد میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر ہو رہی ہے جس کے باعث مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق راولپنڈی سے کراچی جانے والی گرین لائن ایکسپریس 4 گھنٹے تاخیر سے ساڑھے 5 بجے کراچی پہنچی۔ تیز گام 6 گھنٹے تاخیر جب کہ کراچی ایکسپریس 4 گھنٹے کی تاخیر سے سہ پہر ساڑھے تین بجے منزل مقصود پر پہنچی۔ترجمان نے بتایا کہ پاک بزنس ایکسپریس بھی 6 گھنٹے اور لاہور سے کراچی جانے والی قراقرم ایکسپریس 10 گھنٹوں کی تاخیر کے بعد شام ساڑھے 6 بجے کراچی پہنچی۔رحمان بابا ایکسپریس 4 گھنٹے اور پاکستان ایکسپریس 7 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔