• news

شہادت حسینؓ مسلمانوں کیلئے مشعل راہ، امت میں اتحاد کی ضرورت: عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) عالمگیری بادشاہی مسجد لاہورمیں جمعۃ المبارک کے عظیم الشان اجتماع سے چیئرمین مرکزی روئیت ہلال پاکستان/ خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا امام حسین ؓکی شہادت ہمیں صبر واستقامت کا درس دیتی ہے، حضرت امام حسینؓ کی شہادت تمام مسلمانوں کے لیے مشعل راہ ہے، ان کی اسلام کی بقاء اور سر بلندی کے لیے عظیم قربانی کو تا قیامت یاد رکھا جائے گا، امت کو اتحاد کی ضرورت ہے۔  عوام الناس عاشورہ محرم الحرام میں اپنی پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کو یقینی بنائیں۔ مولانا آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کے اتحاد امن اور یکجہتی کو نقصان پہنچانا چاہتی ہیں۔ ہمیں بیدار رہنا ہوگا اور دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ ہمسایہ ملک بھارت پاکستان میں دہشت گردی، بد امنی اور فرقہ واریت کے ذریعے انتشار وعدم استحکام پیداکرنا چاہتا ہے۔ پوری قوم کو مل کر دشمن کی سازشیں ناکام بنانا ہوں گی، جمرود مسجد میں جو خود کش دھماکہ ہوا جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے آئیں مل کر ہم اس کو مضبوط بنائیں۔ آخر میں ملکی سلامتی، ترقی وخوشحالی، عالم اسلام کے اتحاد، حرمین شریفین کے تحفظ اور فلسطین و مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن