محرم الحرام :عامر میر کا سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے دورہ شیخوپورہ
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ سرمد تیمور اور ڈی پی او زاہد نواز نے صوبائی وزیر کو محرم الحرام کے حوالے سے سکیورٹی پلان پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر عامر میر نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ اور ڈی پی او شیخوپورہ کے ہمراہ کنٹرول روم، یوم عاشور کے مرکزی جلوس کے روٹس اور امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات و بلدیات نے کہا کہ محرام الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور مذہبی منافرت پھیلانے والے عناصر سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ عامر میر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے وقت کی پابندی کروائی جائے اورضلع اور تحصیل کی سطح پر قائم کیے جانے والے کنٹرول رومز میں مجالس اور جلوسوں کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے اور جلوسوں کے روٹس پر پولیس کی وافر نفری تعینات کی جائے۔ اسلام رواداری ،محبت اور امن کا پیغام دیتا ہے اور محرم الحرام کے دوران امن و امان قائم رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری اور اخلاقی فریضہ ہے۔