• news

سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں 4 ارب ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ

اسلام آباد( این این آئی)وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ گزشتہ سال معاشی چیلنجوں کے باوجود جاری کھاتوں اور تجارتی خسارے میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے،حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں گزشتہ مالی سال کے دوران 85 فیصد کی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی جبکہ ایف بی آر کے محصولات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ماہانہ اقتصادی اپ ڈیٹ رپورٹ کے مطابق روں مالی سال میں حکومت 3.5 فیصد کی اقتصادی نمو کو حاصل کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے، اس مقصد کے لئے معیشت کے استحکام اور اسے نمو کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کئی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، حکومت نے کسان پیکج، صنعتوں کی معاونت، برآمدات بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں برآمدات میں اضافے پر اپنی توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران سمندر پار پاکستانیوں نے 27 ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک کو ارسال کیا جو مالی سال 2022 کے مطابق 13.6 فیصد کم ہے۔ مالی سال 2022 میں سمندر پار پاکستانیز کی ترسیلات زر کا حجم 31.3 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔گزشتہ مالی سال کے دوران برآمدات کا حجم 27.9 ارب ڈالر رہا جو مالی سال کے 32.5 ارب ڈالر کے مقابلے میں 14.1 فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال میں درآمدات کا حجم 52 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2022 کے 71.5 ارب ڈالر کے مقابلے میں 27.3 فیصد کم ہے۔گزشتہ مالی سال میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کے خسارے میں 85.4 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ مالی سال 2023 میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کا خسارہ 2.6 ارب ڈالر رہا جو مالی سال 2022 میں 17.5 ارب ڈالر تھا۔ وزارت خزانہ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 1.455 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2022 کے 1.935 ارب ڈالر کے مقابلے میں 24.8 فیصد کم ہے۔ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری میں 77 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔اعداد و شمار کے مطابق 12 جولائی 2023 کو سٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.34 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو 12 جولائی 2022 کو 5.89 ارب ڈالر تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق 13 جولائی 2023 کو ایکس چینج ریٹ 277.48 روپے ریکارڈ کیا گیا جو 13 جولائی 2022 کو 210.11 روپے تھا۔گزشتہ مالی سال کے دوران ایف بی آر نے 7.169 ٹریلین روپے کی محصولات حاصل کیں جو مالی سال 2022 کے 6.148 ٹریلین روپے کے مقابلے میں 16.6 فیصد زیادہ ہے۔ نان ٹیکس ریونیو میں گزشتہ مالی سال کے دوران 31.3 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔مالی سال 2023 میں نان ٹیکس ریونیو کا حجم 1.476 ٹریلین روپے تھا جو مالی سال 2022 میں 1.124 ٹریلین روپے تھا۔ گزشتہ مالی سال کے دوران پی ایس ڈی پی کے تحت مختلف منصوبوں کے لئے 512 ارب روپے کے فنڈز جاری کئے گئے جو مالی سال 2022 میں 518 ارب روپے تھے۔ 
وزارت خزانہ 

ای پیپر-دی نیشن