سی پیک کی سالگرہ : چینی نائب وزیراعظم اسلام آباد پہنچ گئے ، شہر سج گیا
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز ایجنسیاں) حکومت پاکستان کی دعوت پر صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی، چین کے نائب وزیراعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لی فنگ اتوار کو اسلام آباد پہنچ گئے۔ چین کے نائب وزیراعظم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر ہیں۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ وہ سی پیک کی دہائی کی تقریبات کے موقع پر مہمان خصوصی بھی ہوں گے۔ ہی لی فنگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو میں نمایاں کردار ادا کیا ہے، جن میں سے اقتصادی راہداری، ون بیلٹ ون روڈ کا اہم منصوبہ ہے۔ ان کا یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان اعلیٰ سطح تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے۔ چین کے نائب وزیراعظم ہی لی فنگ کی اسلام آباد آمد سے قبل اسلام آباد کو چینی پرچموں اور پاک چین پوسٹرز‘ سائن بورڈز اور بینرز سے سجا دیا گیا۔ چینی مہمان کے اعزاز میں اسلام آباد کی سڑکوں اور مختلف موڑ کو سائن بورڈز اور بینرز سے سجایا گیا ہے۔ جس میں ”پاک چین دوستی زندہ باد“ سی پیک کی 10 ویں سالگرہ‘ سی پیک ویژن سے ریئلٹی تک تحریر ہے۔ چینی زبان میں استقبالیہ کلمات بھی شامل ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق 31 جولائی بروز پیر سے یکم اگست منگل کے روز تک چینی وفد کی آمد کے سبب تمام پرائیویٹ ادارے بند رہیں گے۔ انتظامیہ کے مطابق اسلام آباد کی حدود میں تمام پرائیویٹ سکول، کالج اور یونیورسٹی بند رہیں گی، تمام نجی ادارے، کمپنیاں، مارکیٹیں، دکانیں اور کمرشل بنک بھی بند رہیں گے۔ ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اسلام آباد کے مارگلہ ہلز پر ٹریلز دو روز کے لئے بند کر دیا گیا۔ اہم غیر ملکی شخصیات کے دوروں کے باعث ٹریل 3 اور 5 بند کی گئیں۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عدالتیں‘ قانون ساز ادارے‘ قومی اسمبلی‘ سینٹ سیکرٹریٹ اور وزارتیں معمول کے مطابق کام کریں گی۔ نائب وزیراعظم کی آمد پر چین کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چین اور پاکستان ہمہ موسمی سٹرٹیجک پارٹنر اور فولادی دوست ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ پچھلی دہائی میں بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو اور سی پیک کے نتیجہ خیز نتائج حاصل کیے، سی پیک چین اور پاکستان کی دوستی کے لیے ایک نیا معیار بن گیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستانی حکومت سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں شاندار تقریب کرے گی، جس میں چین کے صدر کے خصوصی نمائندے نائب وزیر اعظم شرکت کریں گے۔ چینی نائب وزیرِ اعظم ہی لائی فنگ دورے کے دوران پاکستانی رہنماو¿ں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق امید ہے کہ نائب وزیرِ اعظم کا یہ دورہ پاک چین دوستی کی تجدید اور ماضی کی کامیابیوں کو آگے بڑھائے گا۔ دورے سے سی پیک کی ترقی کو اپ گریڈ کرنے میں مدد ملے گی۔ اس دورے سے پاک چین تعلقات کو مضبوط اور گہرا کرنے کا موقع بھی ملے گا۔ پاک چین سٹرٹیجک پارٹنرشپ نئے دور میں مشترکہ مستقبل مزید مضبوط بنانے میں مددگار ہو گی۔