• news

مزاحمت پر شہری زخمی‘ ڈاکو لاکھوں روپے‘ قیمتی مال و زر لوٹ کر فرار

لاہور (نامہ نگار) شہر میں ڈاکوؤں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے‘ طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر پسٹل کے بٹ مار کر پراپرٹی ڈیلر کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بیدیاں روڈ، احمد کالونی میں ظہیرعباس پراپرٹی ڈیلر کے دفتر میں موجود تھا۔ موٹر سا ئیکل سوار ڈاکوؤں نے دفتر میں گھس کر اس سے سوا 2لا کھ روپے لوٹ لئے جبکہ ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر ظہیر عباس کو پسٹل کے بٹ مار کر زخمی کر دیا اور فرار ہوگئے۔ ڈاکوؤں نے ڈیفنس میں بابر کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر ساڑھے 5 لاکھ ‘ زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، فیصل ٹائون میں سجاد کی فیملی کو یر غمال بنا کر5 لاکھ 35 ہزار‘ زیورات اور موبائل فون، گلشن اقبال میں کبیر سے ڈیڑھ لاکھ اور موبائل فون، شادمان میں علی حیدرسے 80 ہزار اور موبائل فون،گلبرگ میں طاہر سے 16ہزار اور موبائل فون، نصیر آباد میں فراز سے 10 ہزار اور موبائل فون، سمن آباد میں پرویز سے 9 ہزار اور موبائل فون، سندر میں علیم سے6 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے ہنجروال میں اکرم کے گھر کے تالے توڑ کر 3لاکھ 89 ہزار، زیورات اور الیکٹرانکس سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے مصطفی ٹاؤن، ہنجروال، لیاقت آباد اور رائیونڈ سے 4 کاریں  جبکہ اور جوہر ٹاؤن، لوئر مال، ساندہ، مسلم ٹاؤن، قلعہ گجر سنگھ، غالب مارکیٹ اور کوٹ لکھپت کے علاقوں میں سے 7 موٹر سائیکل چوری کر لی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن