سی پیک: چین تعلقات‘ مستحکم ہوئے‘ پاکستان کی پروفائل بدل گئی: احسن اقبال
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کی بدولت پاک چین اقتصادی تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔ موجودہ وقت میں چین کے نائب وزیراعظم کا دورہ انتہائی اہم ہے۔ چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کے معماروں میں سے ایک ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے دنیا آج پھر پاکستان کی جانب متوجہ ہوئی ہے۔ پاکستان اور معیشت کا رخ درست سمت میں موڑ دیا گیا ہے۔ پاکستان کے لیے سی پیک کا تحفہ دینے پر چین کی قیادت اور چینی عوام کا شکریہ اداکرتے ہیں۔ ایم ایل ون منصوبے پر چین سے بات چیت جاری ہے۔ جو کل تک اوروں کو چور ڈاکو کہتا تھا وہ خود چور نکلا، پاکستان کا 190ملین پائونڈ کھاگیا۔ اب پیشی پر بھی نہیں جاتا اور گرفتاری سے بھی ڈرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پاکستان میں آئی۔ پاکستان سے ان منصوبوں کو علیحدہ کر دیا جائے تو معیشت کھنڈر نظر آئے گی۔ سی پیک معاہدوں پر دستخط نے پاکستان کی پروفائل پوری دنیا میں تبدیل کر دی۔ آج سے 10 سال قبل سی پیک منصوبے کا آغاز ہوا۔