• news

ملکی مسائل پر تحقیق کیلئے انجینئس پی ایچ ڈی سکیم شروع کرنے کااعلان 

لاہور (لیڈی رپورٹر) ملک کے سلگتے ہوئے مسائل پر تحقیق کیلئے پنجاب ہائیرایجوکیشن کمیشن نے انجینئس پی ایچ ڈی سکیم شروع کرنے کااعلان کردیا جس کا مقصد مقامی مسائل پر تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ پی ایچ ای سی مالی معاونت کرےگی۔ مقامی صنعتوں سے بھی تعاون لیا جائے گا۔ سکیم کے تحت ملکی مسائل کی نشاندہی کرکے ایسے موضوعات کا انتخاب کیا جائے گا جس کے براہ راست فوائد ملک کو حاصل ہو نگے۔ خطے کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے پائیدار اقتصادی ترقی کےلئے ناگزیر ہے۔اس امر کاا انکشاف پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی فیکلٹی آف انجینئرنگ کے زیراہتمام اوپن ہاو¿س ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے مینوفیکچرنگ پر مبنی معیشت اور اعلیٰ فکری سرمایہ کی تعمیر پر زور دیا اور کہا کہ ایک مضبوط مینوفیکچرنگ پر مبنی سیکٹر کی تعمیر پر توجہ دے کر ملکی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے۔ جدت اور تکنیک کو آگے بڑھانے کیلئے اعلیٰ فکری سرمائے کی پرورش میں یونیورسٹیوں کا کردار اب بڑھ گیا ہے۔تقریب کے اختتام پر مختلف کیٹیگریز میں پراجیکٹ جیتنے والوں کو نقد انعامات اور سرٹیفیکیٹس دئیے گئے۔ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویرقاسم پروریکٹر یوسی پی ڈاکٹر ہادیہ اعوان، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر رضوان شاد سمیت فیکلٹی ممبران اور طلبہ وطالبات کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن