یوم عاشور پر سکیورٹی کے سخت انتظامات‘ڈی آئی جی آپریشنز جائزہ لیتے رہے
لاہور(نامہ نگار)یوم عاشور کے موقع پر لاہور پولیس نے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے تھے۔پولیس نے صوبائی دارالحکومت میں منعقدہ تمام مجالس و جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سید علی ناصر رضوی سپاہ کے ہمراہ فیلڈ میں موجود رہے۔ اندرون شہر نثارحویلی سے برآمد مرکزی جلوس سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری عاشورہ پروگراموں کی سکیورٹی کا خود جائزہ لیتے رہے۔ اندرون شہر،بھاٹی گیٹ، لوئر مال، جامعہ المنتظر، ہنجر وال سمیت شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ مجالس و جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات اور عزاداروں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا۔ایس پیز اور دیگرمتعلقہ افسروںنے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے جلوس و مجالس کے منتظمین سے ملاقات کی اور سکیورٹی بارے تبادلہ خیال کیا۔ پارکنگ کا انتظام مجالس و جلوسوں کے انٹری پوائنٹس سے فاصلے پر کروایا گیا۔جلوسوں کے راستوں پر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا داخلہ بند رہا۔انٹری پوائنٹس پرتعینات جوانوں نے عزاداروں کی جامہ تلاشی کو یقینی بنایا۔سیف سٹی کیمروں کی مدد سے مجالس و جلوسوں کی نگرانی بھی جاری رہی۔ڈی آئی جی آپریشنز نے عاشورہ کے پر امن انعقاد پر لاہور پولیس کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے ٹیم ورک کے ذریعے جلوس و مجالس کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا۔انہوںنے افسروں ‘اہلکاروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران و جوانوں کا مورال بلند رہا، تمام اہلکاروں نے بہترین فرائض سر انجام دیئے۔ لاہور پولیس عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے۔