چینی تعاون سے زرعی ٹیکنالوجی میں ترقی ممکن : شہزاد علی
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین شہزاد علی ملک نے کہا ہے کہ چین نے ہائبرڈ سیڈ ڈویلپمنٹ سمیت زرعی ٹیکنالوجی میں خاطر خواہ ترقی کی ہے اور وہ اس شعبے میں پاکستان کے ساتھ اشتراک کر سکتا ہے۔ شہزاد علی ملک ان دنوں وفد کے ہمراہ چین کے دورے پر ہیں۔ گزشتہ روز ان کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان زرعی شعبے بالخصوص پرائیویٹ سیکٹر میں ہائبرڈ بیجوں کی نئی اقسام کی تیاری میں مزید تعاون ممکن ہے اور اس سے دونوں ممالک کو بڑے فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر میں تعاون سے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ تحقیق اور ترقی ممکن ہے۔ اس طرح کے منصوبوں سے ہائبرڈ بیج کی نئی اقسام کی تیاری ممکن ہے جو پاکستانی کسانوں کی مخصوص ضروریات کو بھی پورا کرتی ہوں اور ہمارے زرعی شعبے، زرعی طریق کا اور آب و ہوا کے ساتھ بھی ہم آہنگ ہوں۔ چین اور پاکستان کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات ہیں اور ان دوروں سے ہائبرڈ سیڈ ٹیکنالوجی اور زرعی شعبہ میں تعاون کا فروغ ممکن ہے جس سے دونوں ممالک کے زرعی شعبوں کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائبرڈ بیج دو جینیاتی طور پر مختلف پودوں کے ملاپ سے بنائے جاتے ہیں جو بہتر پیداوار، کیڑوں اور بیماریوں کے خلاف مزاحمت اور مقامی ماحول سے بہتر موافقت رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چینی ہم منصبوں کے ساتھ اس طرح کی ملاقاتوںاور تعاون سے پاکستان کی زرعی پیداواری صلاحیت اور غذائی تحفظ کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ چین کا پرائیویٹ سیکٹر گارڈ ایگریکلچر ریسرچ اینڈ سروسز کے ساتھ تعاون کو مزید بڑھانے میں گہری دلچسپی لے رہا ہے کیونکہ ہم پاکستان میں ہائبرڈ چاول کی پہلی قسم تیار کرنے میں چینی ماہرین کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور اب بھی 10 چینی سائنسدانوں کی ٹیم ہمارے ساتھ مصروف عمل ہے۔