قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹس‘میچ فیس میں اضافے کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹرز کو رواںہفتے سنٹرل کنٹریکٹ دیئے جانے کا امکان ہے۔قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹس کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے کام کو حتمی شکل دیئے جانے کیلئے کام جاری ہے۔کرکٹ کمیٹی کے چیئرمین مصباح الحق کو رواں ہفتے کے دوران سنٹرل کنٹریکٹ پر بریفنگ دی جائیگی اور پھر مصباح الحق چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کو سنٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی منظوری کے بعد قومی کھلاڑیوں کو آئندہ ہفتے سنٹرل کنٹریکٹس پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں اب توسیع کا امکان نہیں ہے، 30 جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹس میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی، ایک ماہ توسیع کی مدت آج ختم ہو رہی ہے۔سی ای او پی سی بی سلمان نصیر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ نے سری لنکا میں کپتان اور سینئر کھلاڑیوں سے سنٹرل کنٹریکٹ کے معاملے پر بات کی تھی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سنٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی میچ فیس میں 25 سے 35 فیصد اضافے کا امکان ہے، لیگز کیلئے این او سی کی ازسر نو پالیسی کی شقیں بھی کنٹریکٹ میں شامل کی جائیں گی۔