• news

میٹرک نتائج : لاہور 74.6 ، گوجرانوالہ بورڈ میں 80.8 فیصد طلبا کامیاب 


لاہور‘ گوجرانوالہ‘ ننکانہ صاحب (لیڈی رپورٹر + نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پنجاب بھر میں ہونے والے میٹرک امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا گیا۔ نتائج کے مطابق لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74.57 فیصد رہا، فیصل آباد 81.76، ڈی جی خان86.37 ، بہاولپور 82.70 ، ملتان 85.00 , راولپنڈی 77.20، ساہیوال 78.76 اور سرگودھا بورڈ میں 82.82 فیصد رہا۔ نتائج کا اعلان سپیشل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن آغا علی عباس نے پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پر چیئرمین لاہور بورڈ ڈاکٹر مرزا حبیب علی اور کنٹرولر عرفان احمد کے علاوہ سیکرٹری لاہور بورڈ بشریٰ بی بی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور بورڈ میں 230915 امیدواروں نے شرکت کی جن میں سے 172204 امیدوار نے کامیابی حاصل کی۔ دریں اثنا انٹرمیڈیٹ داخلوں کے آغاز پر طلباءو طالبات کی کثیر تعداد نے پنجاب کالجز کے کیمپسز کا رخ کیا۔ لاہور بورڈ کے زیراہتمام منعقد ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 2 لاکھ 30 ہزار 915 طلباءنے حصہ لیا‘ سالانہ امتحانات میں ایک لاکھ 72 ہزار 204 طلباءپاس ہوئے جبکہ 57 ہزار کے قریب امیدوار دسویں جماعت کے امتحانات میں فیل قرار پائے۔ لاہور بورڈ میں 1100 میں سے سب سے زیادہ 1091 نمبر پر پرائیویٹ امیدوار طوبیٰ اعظم نے حاصل کئے۔ 1090 نمبروں کے ساتھ پرائیویٹ امیدوار محمد عبداﷲ دوسرے نمبر پر رہے۔ ہادیہ نور 1089 نمبروں کیساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔ لاہور بورڈ میں پہلی تینوں پوزیشنز پر پرائیویٹ امیدواروں نے حاصل کیں۔ سپیشل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن آغا علی عباس نے بتایا ہے کہ لاہور بورڈ میں کامیابی کا تناسب 74 فیصد سے زائد رہا‘ میٹرک کے امتحانات بہتر ماحول میں منعقد ہوئے۔ مجموعی طور پر 28 جعلی کیسز سامنے آئے۔ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ نے میٹرک پہلے سالانہ امتحانات 2023ءکے نتائج کا اعلان کر دیا۔ بورڈ کے چیئرمین نوید حیدر شیرازی، پروفیسر محمد نعیم بٹ کنٹرولر امتحانات اور چوہدری شہزاد احمد سیکرٹری بورڈ نے کانفرنس روم میں پریس کانفرنس میں کیا، حسب روایت اس سال بھی پوزیشن ہولڈرز امیدواران کے ناموں کا اعلان نہ کیا گیا۔ نتائج کے مطابق امتحان میں مجموعی طور پر 194527امیدواران شامل ہوئے جن میں سے157214کامیاب قرار پائے اس طرح ان کی کامیابی کا تناسب 80.82فیصد رہا، سائنس گروپ (بوائز) میں 66812امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے54752امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح81.94فیصد رہی، سائنس گروپ(گرلز) میں 79183امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں 71038امیدوار کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح89.71فیصد رہی، ہیومینٹیز گروپ(بوائز)میں 11989امیدوار شامل امتحان ہوئے جن میں سے5840امیدوار کامیاب قرار پائے اور ان کی کامیابی کی شرح48.71فیصد رہی۔ ہیومینٹیز گروپ (گرلز) میں 36395امیدوار شامل امتحان ہوئیں جن میں25447امیدوار کامیاب قرار پائیں اور ان کی کامیابی کی شرح69.91فیصد رہی،چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے انعقاد سے لے کر نتائج کی تیاری تک متعلقہ قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا گیا، امتحانی نظام میں غیر جانبداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا، دورانِ امتحان بورڈ کو جو بھی شکایت ملی اس کا فوری طور پر ازالہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں اس سال بھی پوزیشنز کا اعلان نہ کرنے پر طلبہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ میٹرک رزلٹ 2023ءلاہور بورڈ میں گرلز میں خدیجہ احمد نے 1088نمبر کے ساتھ سوئم پوزیشن حاصل کی۔ پاک گیریژن ہائیر سیکنڈر سکول کی طالبہ خدیجہ احمد نے 1088 نمبرز حاصل کر کے گرلز میں سوئم پوزیشن حاصل کی۔1000 سے زائد 80طلبہ جبکہ A+ گریڈ میں 211طلبہ نے کامیابی حاصل کر کے شاندار ریکارڈ قائم کیا، اس شاندار رزلٹ پر CEOایجوکیشن ننکانہ، محکمہ تعلیم کے افسران، وکلائ، صدر اور سیکرٹری بار ننکانہ، پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن ضلع ننکانہ رائے ریاض احمد ایڈووکیٹ اور مہناج القرآن ضلع ننکانہ کے عہدیداروں نے پوزیشن ہولڈر طالبہ، والدین، اساتذہ کرام اور چوہدری محمد یٰسین (پرنسپل ادارہ) کو مبارک باد دی۔ انہوں نے کہاکہ پاک گیریژن سکول ننکانہ صاحب تعلیم کے شعبہ میں بے مثال خدمات سرانجام دے رہا ہے۔
میٹرک نتائج

ای پیپر-دی نیشن