انتخابات کیلئے تیار ، پنجاب ، اسلام آباد میں بلدیاتی شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کرینگے ، الیکشن کمشن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے ہفتہ وار اجلاس ہوا جس میں ممبران الیکشن کمشن‘ سیکرٹری و دیگر حکام نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مشاورت کی گئی۔ اس کے علاوہ اسلام آباد اور پنجاب کے بلدیاتی انتخابات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ الیکشن کممشن کا کہنا ہے کہ کمشن مقررہ مدت میں انتخابات کروانے کیلئے تیار ہے۔ رواں ہفتے اسلام آباد اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کریں گے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو خط لکھ دیا جس میں الیکشن کمشن نے خیبر پی کے کے متعدد وزرائ‘ معاونین اور مشیروں کو ہٹانے کا کہا ہے۔ الیکشن کمشن نے خط میں کہا ہے کہ سیاست میں ملوث وزرائ‘ معاونین اور مشیروں کو فوری طورپر ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔ سیکرٹری الیکشن کمشن عمر حمید نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کچھ وزرائ‘ مشیر اور معاونین خصوصی کو سیاسی وابستگی پر بھرتی کیا گیا۔ شاہد خٹک سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔ نگران کابینہ کے بعض افراد میڈیا پر سیاسی وابستگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ نگران وزیر شاہد خٹک نے الیکشن کمشن کے حکم کی تعمیل پر استعفیٰ دیا۔ بعض وزرائ‘ مشیروں اور معاونین خصوصی کا رویہ نگران حکومت کی روح کے منافی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ اپنی کابینہ کو کم سے کم کریں۔
الیکشن کمشن