• news

پاکستان سٹاک کا 100 انڈیکس 2 سال کی بلند ترین سطح 48034 پر بند 


کراچی (کامرس رپورٹر) نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک ایکس چینج میں چین کے نائب وزیراعظم کے دو روزہ دورہ پاکستان سے مثبت توقعات اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ عملے کی سطح کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہونے کے بہتر اثرات واضح طور پر دکھائی دیئے۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 48034.6 پر بند ہوا۔ کاروباری حجم میں8فیصد سے زائد اضافہ ہوا جبکہ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 1کھرب 33ارب روپے سے زائد بڑھ کر 72کھرب کی سطح کو عبور کرگیا۔ ایک موقع پر انڈیکس بڑھتا ہوا 48126 تک بھی پہنچا‘ 100 انڈیکس کی 47100، 47200، 47300، 47400، 47500، 47600، 47700، 47800، 47900 اور 48000 پوائنٹس کی ایک ساتھ10نفسیاتی حدیں عبور ہوگئیں۔ اس طرح تقریباً 2 سال بعد 48 ہزار کی سطح عبور ہوگئی۔ مارکیٹ میں ٹیلی کام، پاور، کمیونیکیشن، پیٹرولیم، بینکنگ، ریفائنری اور دیگر سرگرم کمپنیوں کے شیئرز میں زبردست کاروباری سرگرمیاں رہیں۔ عارف حبیب کارپوریشن کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 24 مہینے بعد 48 ہزار کی سطح عبور کر گیا، آخری بار سٹاک ایکسچینج 23 اگست 2021 کو اس سطح پر پہنچی تھی۔ عارف حبیب کارپوریشن کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ عملے کی سطح کا سٹینڈ بائی ارینجمنٹ معاہدہ ہونے کے بعد سے انڈیکس میں اب تک 6 ہزار 601 پوائنٹس کا اضافہ ہو چکا ہے۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے سربراہ ملک محمد بوستان نے شیئرز مارکیٹ کی تیزی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی وفود آرہے ہیں، مارکیٹ میں گردشی قرضے کو کم کرنے کے لیے 400 ارب روپے جاری ہونے کے حوالے سے مثبت خبریں گردش کر رہی ہیں، ماہرین سٹاک کا کہنا ہے کہ ہم تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے شعبے میں مضبوط خریداری دیکھ رہے ہیں کیونکہ آئی ایم ایف کی طرف سے دباﺅ ہے کہ گردشی قرضے کو کم کیا جائے اور حکومت اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے جبکہ طویل عرصے کے بعد سٹاک مارکیٹ میں خالص خریداری اچھی رہی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 387.88 پوائنٹس اضافہ سے 17196.56، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 586.16پوائنٹس اضافہ سے32027.29 پوائنٹس اور کے ایم آئی30انڈیکس1844.64پوائنٹس بڑھ کر80370.86 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی۔ سٹیٹ بینک کے مطابق انٹر بینک میں پیر کے روز ڈالر کی قدر19پیسہ کے اضافے سے 286.45روپے سے بڑھ کر 286.64روپے ہوگئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 291 روپے کی سطح پر مستحکم رہی، جبکہ یورو کی قیمت فروخت 2.80 روپے کمی سے 320.20 روپے اور برطانوی پاﺅنڈ کی قیمت فروخت 2.30روپے کمی سے 373.70روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 50پیسے بڑھ کر 77.50روپے ہوگیا۔ جبکہ یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 50پیسے کی کمی سے79.50روپے رہی۔ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت16ڈالرز کمی سے 1959ڈالرز فی اونس کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باعث مقامی سطح پر سونے کی قیمت 2500روپے کمی سے2لاکھ 22ہزار 200روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 2143 روپے کمی سے 1لاکھ 90ہزار 501روپے رہی۔ جبکہ چاندی کی فی تولہ قیمت 50روپے اضافہ سے 2800روپے کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
سٹاک مارکیٹ

ای پیپر-دی نیشن