لاہور سمیت 4 شہروں کے چڑیا گھروں کو عالمی معیار کے مطابق بنانے کا فیصلہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران پنجاب حکومت نے لاہور سمیت 4 شہروں میں چڑیا گھروں کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کے مطابق بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ محسن نقوی نے لاہور کے چڑیا گھر اور سفاری پارک کو بہتر بنانے کے لئے تجاویز طلب کر لی ہیں اور چڑیا گھر وں کو ری ڈیزائن کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے جس کے تحت چڑیا گھروں کی آمدن کا صحیح تعین کرنے کے لئے آن لائن ٹکٹنگ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ لاہو رکے چڑیا گھر میں منفرد اور جدید تفریحات فراہم کی جائیں گی جبکہ لاہور کے سفاری پارک کو سنگا پور کی طرز پر جدید بنایا جائے گا۔ چڑیا گھروں میں واکنگ پارک و پلے ایریا بنانے او رسفاری ٹرین چلانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ہالی وڈ فلم بار بی کی پنجاب میں نمائش کی اجازت کے معاملہ پر نگران وزیراعلی کی ہدایت پر فل سنسر بورڈ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا۔ فل سنسر بورڈ کے اجلاس میں تمام ممبران فلم باربی کا دوبارہ ریویو کریں گے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ایس پی سے ایس ایس پی رینک پر ترقی پانے والے پولیس افسروں کو پروموشنل بیجز لگانے کی تقریب ہوئی۔ چیف سیکرٹری زاہد اخترزمان اورآئی جی عثمان انور نے پولیس افسران کو اگلے عہدوں کے پروموشنل رینک لگائے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایس پی سے گریڈ 19 میں ایس ایس پی پروموٹ ہونیوالے افسروں کو مبارکباد دی۔ مختلف ریجنز اور اضلاع میں تعینات پولیس افسروں کامران ممتاز، کامران نواز، ساجد حسین کھوکھر،رضوان خان، ندیم عباس، محمد افضل، محمد بن اشرف،رانا عمر فاروق، بلال ظفر شیخ، علی رضا، عبداللہ احمد، توقیر محمد نعیم، آصف امین اعوان اور فراز احمد کو پروموشنل رینک لگائے گئے۔