• news

سویلیینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت آج ، فل کورٹ کیلئے نئی درخواست دائر 

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سپریم کورٹ میں سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت آج ہوگی۔ عدالت عظمیٰ میں فل کورٹ بنانے کے لیے نئی درخواست بھی دائر کردی گئی ہے۔ چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 6 رکنی لارجر بینچ سویلینز کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کیخلاف کیس کی سماعت کرے گا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سے اس حوالے سے جواب طلب کر رکھا ہے کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کیخلاف ملزموں کو اپیل کا حق ملے گا یا نہیں؟۔ گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل نے عدالت سے ایک ماہ کا وقت دینے کی استدعا کی تھی۔ اس سماعت سے قبل درخواست گزار کرامت علی کے وکیل نے ایک متفرق درخواست کے ذریعے ایک مرتبہ پھر فل کورٹ بنانے کی استدعا کردی ہے جس میں کہا ہے کہ سویلینز کے فوجی ٹرائل کا کیس مفاد عامہ کا ہے، ماضی میں بھی فوجی ٹرائل سے متعلق کیس 9 رکنی بینچ یا فل کورٹ نے ہی سنا تھا۔ فل کورٹ کے فیصلے پر آج تک اسٹیبلشمنٹ سمیت سب نے عمل کیا۔ بینچ کے رکن جسٹس یحییٰ آفریدی بھی فل کورٹ بنانے کا کہہ چکے ہیں۔ درخواست گزار نے مو¿قف اختیار کیا ہے کہ ضروری نہیں کہ تمام ججز پر مشتمل ہی فل کورٹ ہو، چیف جسٹس دستیاب ججز پر مشتمل فل کورٹ بنا کر کیس سنیں۔
سماعت آج

ای پیپر-دی نیشن