• news

شہباز شریف کی قیادت میں سی پیک میں نئی روح ڈالی: احسن اقبال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے خطے میں خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہوا اور لاکھوں افراد کو روزگار کے مواقع فراہم کئے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں سی پیک منصوبے میں نئی روح ڈالی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کی 10سالہ تقریبات کے حوالے سے تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ کا دورہ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ سی پیک کے10سال مکمل ہونے پر نائب وزیر اعظم اپنے صدر شی جن پنگ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان چینی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے مشکل حالات میں پاکستان سے دوستی کا حق ادا کر دیا۔ حکومت نے گزشتہ 14 ماہ میں سی پیک کے حوالے سے کام پر پیشرفت کو تیز کیا۔ جب کوئی پاکستان میں 1 ڈالر کی سرمایہ کاری کو تیار نہ تھا، سی پیک کے تحت پاکستان کو اربوں ڈالر سرمایہ کاری میسر ہوئی ۔ سی پیک کی 10سال کی تکمیل تاریخی سنگ میل ہے۔ اس کے ذریعے پاکستان کو چین کا سیاسی شعبے کیساتھ ساتھ اقتصادی شعبے میں بھی تعاون حاصل ہوا۔ سی پیک سے دونوں ملکوں میں خوشحالی اور ہم آہنگی میں اضافہ ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن