باجوڑ دھماکہ پاکستان کے امن، سلامتی پر حملہ ہے، زبیر احمد ظہیر
لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے باجوڑ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے انسانیت سوز درندگی کو پاکستان کے امن اور سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے جید علمائے کرام اور دینی کارکنوں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر انتہائی غم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک جماعت کے اجتماع پر نہیں بلکہ پورے پاکستان پر حملہ ہے۔وہ جامعہ عمر بن عبدالعزیز گلبرگ میں ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ؒعلامہ زبیر احمد ظہیر نے حکمرانوں سے پر زور مطالبہ کیا ہے کہ صرف بیانات دینے کی بجائے دہشت گردوں کو فوری طور پر گرفتار کر کے سر عام تختہ دار پر لٹکایا جائے۔