• news

دوحہ میں امریکی وفد سے ملاقات‘ پابندیاں اٹھانے پر بات ہوئی، ترجمان طالبان

 دوحہ(نوائے وقت رپورٹ ) قطر کے دارالحکومت دوحہ میں پیر کو طالبان اور امریکی وفد کی ملاقات ہوئی۔ اس حوالے سے افغان وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے اپنے بیان میں کہا نگراں وزیر خارجہ مولوی امیر خان متقی کی امریکی وفد سے ملاقات ہوئی۔ ترجمان کے مطابق امریکی وفد میں امریکی نمائندہ خصوصی تھامس ویسٹ اور انکے ہمراہ 15 ارکان شامل تھے۔  عبدالقہاربلخی کے مطابق طالبان وفد میں وزارت خارجہ اور افغان بینک کے عہدیدار، افغان سفارت خانے اور سیاسی دفتر کے حکام شامل تھے۔ طالبان اور امریکی وفد کے درمیان پلینری اور ٹیکنیکل کمیٹی سطح کی دو روزہ بات چیت ہوئی۔ عبدالقہار بلخی کے مطابق ملاقات میں اعتماد سازی کیلئے عملی اقدامات، بلیک لسٹ اور پابندیاں اٹھانے پر بات ہوئی۔ افغان بینک کے ذخائر غیرمنجمد کرنے اور افغان معاشی استحکام پر بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انسداد منشیات اور انسانی حقوق سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقیں نے ملاقاتیں، افہام و تفہیم اور بات چیت جاری رکھنے پر زور دیا۔

ای پیپر-دی نیشن