شیخ رشید کی بلٹ پروف گاڑیاں پولیس قبضہ سے واپس لینے کی درخواست پر نوٹس
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر داخلہ و عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی بلٹ پروف گاڑیاں پولیس قبضہ سے واپس لینے کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے3 اگست کو ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایچ او اور متعلقہ تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش ہوں۔ جسٹس طارق محمود جہانگیری کی عدالت سے شیخ رشید احمدکی درخواست پر سماعت کے جاری تحریری حکمنامہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ وکیل کے مطابق پولیس نے شیخ رشید کے گھر سے گاڑیاں قبضے میں لیں۔ عدالت کا کہنا ہے کہ پولیس دفعہ 550 کے تحت چوری شدہ یا مشکوک گاڑی قبضے میں لے سکتی ہے۔ وکیل کے مطابق یہ تسلیم شدہ ہے کہ گاڑیاں چوری یا کسی جرم کے ارتکاب میں ملوث نہیں، وکیل درخواست گزار کے مطابق پولیس کا گاڑیاں قبضے میں لینے کا اقدام غیرقانونی ہے۔