فیصل آباد: چینی کی ذخیرہ اندوزی‘ مصنوعی گرانی عروج پر‘ انتظامیہ قابو پانے میں ناکام
فیصل آباد (ندیم جاوید) فیصل آباد میں چینی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی گرانی عروج پر پہنچ گئی۔ ضلعی انتظامیہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور سٹے بازی میں ملوث بااثر عناصر کے سامنے سرنڈر کر چکی اور کسی قسم کی انسدادی کارروائی کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں سرمایہ دار ٹولے نے بڑے پیمانے پر چینی کی ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے اور مصنوعی قلت پید کر کے نرخوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ چند ہفتوں کے دوران سٹے بازی اور ذخیرہ اندوزی کی وجہ سے چینی کی قیمت 150 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے اثر و رسوخ کے سامنے سرنڈر کر چکی ہے اور شہر میں چینی کے نرخ کم ہونے میں نہیں آ رہے۔ عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فیصل آباد میں چینی کی ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی کرنے والے سرمایہ داروں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے۔ اس میں ملوث تاجروں اور صنعتکاروں کے خلاف مقدمات درج کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔