امام حسینؓ نے قربانیوں کی بے مثال داستان رقم کی:رضا ثاقب مصطفائی
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) مرکز مصطفی میں منعقدہ سالانہ ”محفل ذکر حسین“ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے ادارة المصطفےٰ انٹرنیشنل کے امیر اعلیٰ پیرزادہ محمد رضا ثاقب مصطفائی نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین ؓنے زندگی کی آخری سانس تک عظمت اسلام کا پرچم تھامے رکھا۔ انہوں نے نیزے کی نوک پر قرآن مجید کی تلاوت کر کے امت کو جو شعوری پیغام دیا ہے‘ وہی اصل میں درسِ کربلا ہے ۔ ادارة المصطفےٰ انٹرنیشنل اسی شعوری پیغام کی آبیاری کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ حضرت امام حسینؓ ابن علی نے لازوال قربانیوں کی جو بے مثال داستان رقم کی ہے اس کی مثال آج تک نہیں ملتی ۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا حق و باطل کے درمیان فرق واضح کرتا ہے ۔حق بات کے لئے ڈٹ جانا یہی شیوہ حسینی ہے ۔علامہ حفیظ اﷲ مصطفائی ‘علامہ تنویر الحسن خاں ‘صاحبزادہ حامد رضا ‘صاحبزادہ رضی الدین حمزہ‘ علامہ تنویر سالک مصطفائی ‘مولانا حسیب اکرم مصطفائی ‘سید زاہد حسین شاہ و قاری منظور احمد سلطانی کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا۔