قیدیوں کی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے خصوصی کمیٹی بنے گی:محسن نقوی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کیمپ جیل کا 2 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ قیدیوں کے مسائل سنے اور سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے بے گناہی ثابت کرنے کے لئے قیدیوں کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کا بڑا اعلان کیا۔کمیٹی ہر قیدی سے فرداً فرداً ملاقات کرے گی اور تمام شواہد کا جائزہ لے کر بے گناہ قیدیوں کے بارے رپورٹ پیش کرے گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں بے گناہ قیدیوں کو رہا کرنے کے لئے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کوئی بے گناہ جیل میں نہیں رہے گا اور گناہ گار چھوٹے گا نہیں۔ وزیراعلیٰ نے بیرکس میں قیدیوں کے لئے ائیرکولر نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور3 روز میں تمام بیرکس میں ائیر کولر لگانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ بیرکس میں فوری طور پر نئے پنکھے بھی لگائے جائیں۔ محسن نقوی نے ڈپٹی کمشنر کو 3 روز بعد جیل کا دورہ کرکے ائیر کولرز چیک کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے قیدیوں سے جیل عملے کے سلوک کے بارے دریافت کیا جس پر بعض قیدیوں نے جیل عملے کی جانب سے تشدد کی شکایات کیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کو تشدد کی شکایات کی تحقیقات کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا اور خود کھانا کھا کر کھانے کی کوالٹی چیک کی۔ محسن نقوی نے پی سی او کا بھی وزٹ کیا اور قیدیوں کی اپنے عزیز و اقارب سے گفتگو کا مشاہدہ کیا۔ قیدیوں کو مقررکردہ وقت کے مطابق عزیز واقارب سے بات نہ کرانے پر ناراضی کا اظہارکیا اور قیدیوں کی ہر ہفتے 2 بار عزیز و اقارب سے گفتگو کرانے کی ہدایت کی۔ چھوٹی بیرکس میں 11، 11 قیدی دیکھ کر ناراضی کا اظہار کیا اور کہاکہ گرمی اور حبس میں قیدیوں کو اس طرح رکھنا کسی طور درست نہیں۔ انہوں نے قیدیوں کو بیرکس کی گنجائش کے مطابق رکھنے کا حکم دیا۔ قیدی بچوں کے لیے ووکیشنل سکول اور کمپیوٹر لیب کا بھی وزٹ کیا اور بچوں کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ محسن نقوی نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا اور اسلام آباد میں جج کی اہلیہ کی جانب سے بچی رضوانہ پر بہیمانہ تشددکے واقعہ کے حوالے سے وزیراعظم محمد شہبازشریف سے گفتگو کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بتایا کہ بچی کے والدین نے ملاقات میں انصاف اور مدد کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بچی کے والدین کی استدعا وزیراعظم محمد شہبازشریف تک پہنچائی اور بچی کی صحت اورعلاج معالجے کے بارے میں بھی وزیراعظم محمد شہبازشریف کو آگاہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مظلوم خاندان کی ہر ممکن مدد اور فوری انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ محسن نقوی کی ہدایت پر ہالی ووڈ کی فلم باربی کے حوالے سے فل سنسر بورڈ نے باربی کا دوبارہ ریویو کیا گیا۔ پنجاب میں نمائش کی اجازت دے دی گئی۔