• news

پٹرول مہنگا کرنے کی ایک وجہ عالمی مندی میں قیمت بڑھنا ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے حوالے سے ذمہ دارانہ فیصلہ کرتے ہوئے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کو نبھایا، پچھلی حکومت کی طرح وعدہ خلافی نہیں کی، حکومت کی مدت چند دنوں میں ختم ہو رہی ہے، ہم نے سیاسی فائدے کی بجائے ملکی معاشی استحکام کو ترجیح دی۔ اس کے برعکس عمران خان کو جب یقین تھا کہ ان کی حکومت ختم ہو رہی ہے تو انہوں نے سیاسی فائدے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر سبسڈی دیکر آئی ایم ایف معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ منگل کو یہاں ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز میں فارن میڈیا ڈیجیٹل مانیٹرنگ وال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 15 ماہ قبل وزارت اطلاعات میں آئی ٹی ٹرانسفارمیشن کا آغاز کیا گیا، پی ٹی وی کے اندر آئی ٹی اپ گریڈیشن، ورچوئل سٹوڈیوز، پی ٹی وی فلکس اور ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل ہو گیا ہے، ریڈیو پاکستان کا پورا آرکائیو ڈیجیٹلائز ہو چکا ہے جبکہ ریڈیو پاکستان میں 4 ارب روپے کا پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ریڈیو منڈیال ٹیکنالوجی کے ذریعے ریڈیو کی نشریات شارٹ ویو اور اینا لاگ سے میڈیم ویو پر منتقل ہو جائیں گی۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ریڈیو پاکستان کی نشریات 52 ممالک میں سنی جا سکیں گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق دور میں پی ٹی وی اور ریڈیو کو نیلام کرنے کی باتیں کی جاتی رہیں، ان کا کوئی بزنس پلان کامیاب نہیں ہو رہا تھا، موجودہ حکومت نے 15 ماہ کے اندر سستی شہرت حاصل کرنے کے نعرے نہیں لگائے بلکہ موجودہ اداروں کی کارکردگی کو موثر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2022-23میں الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کی مانیٹرنگ کا نظام قائم کرنے کا آغاز ہوا تھا، آج اس کا پہلا فیز مکمل ہو چکا ہے، فارن میڈیا ڈیجیٹل مانیٹرنگ وال سے عالمی حالات حاضرہ سے آگاہی حاصل ہوگی جبکہ 90 مقامی اور 35 عالمی میڈیا چینلز، 15 روزنامہ اخبارات، 500 سے زائد ٹوئٹر ہینڈلز، 500 سے زائد فیس بک پیجز، 200 سے زائد یو ٹیوب چینلز اور 200 سے زائد انسٹا گرام اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی مانیٹرنگ ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ تمام خبروں اور اداروں کی مانیٹرنگ بھی کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پہلا مانیٹرنگ سسٹم ہے جو آرٹیفیشل انٹیلی جنس پر مبنی ہے جسے مشین لرننگ اور زبان کی شناخت کی ٹیکنالوجی کے ساتھ نصب کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر میڈیا چینلز اس نظام کو استعمال کرنا چاہیں تو ہم ان کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے پارٹنر شپ بھی کر سکتے ہیں، اس کے علاوہ ریسرچ پر کام کرنے والے طلبا کو بھی اس نظام تک رسائی دی جا سکتی ہے۔ منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے پر وزارت اطلاعات کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ ایک ایسا نظام ہے جو مشین لرننگ، رئیل ٹائم انفارمیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا ریسرچ پر مبنی ہے، اس میں تمام رئیل ٹائم انفارمیشن اور کسٹمائزڈ زبان کی شناخت کا نظام موجود ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ مانیٹرنگ سسٹم 35 سے زائد انٹرنیشنل میڈیا چینلز اور سوشل میڈیا سپیس کی مانیٹرنگ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت نے 15 ماہ کے اندر معیشت سمیت ملک کے تمام شعبوں کو مستحکم کیا، پانچ ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی، ہم پاکستان کو ری بلڈنگ کی سٹیج پر چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے 15 ماہ کی مختصر مدت میں ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے مشکل فیصلے کئے، ہم نے سیاست کی بجائے ملکی معیشت کو ترجیح دی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی کئی وجوہات ہیں جن میں سے ایک وجہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ بھی ہے جبکہ ہم آئی ایم ایف کے ساتھ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ ایگریمنٹ میں بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ چند دنوں میں ہماری حکومت ختم ہو جائے گی اور ہمارے لئے بہت آسان تھا کہ ہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کر لیتے لیکن ہم نے آئی ایم ایف پروگرام کی خلاف ورزی نہیں کی، ہم نے معاہدے کو نبھایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن