• news

تمباکو نوشی کنٹرول کرنے کیلئے عملدرآمد کمیٹیاں تشکیل دیدی ہیں: ڈاکٹر جمال ناصر

لاہور (نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر  نے کہا  ہے کہ تمباکو پاکستان میں سب سے بڑا خاموش قاتل ہے۔ پاکستان میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ضرورت ہے۔ حکومت پنجاب نے تمباکو نوشی کنٹرول کرنے کے لئے صوبائی اور ڈویڑنل سطح پر عملدرآمد کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ صوبائی عمل درآمد کمیٹی کے چیئرمین سیکرٹری صحت پنجاب جبکہ ڈویڑنل کمیٹیوں کے سربراہ متعلقہ کمشنر ہیں۔یہ کمیٹیاں' تمباکو سے پاک شہر'  منصوبے کے تحت پنجاب کو سموک فری بنانے کے لئے کام کریں گی۔ وفاقی حکومت کے تعاون سے  پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر مری کو تمباکو سے پاک شہر بنایا جائے گا۔ سگریٹ پینے والے تمباکو سے نہیں اپنی زندگی اور گھر والوں سے پیار کریں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ حکومت پنجاب تمباکو نوشی سے متعلق قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ تمباکو نوشی کینسر کے علاوہ امراضِ قلب، ٹی بی, فالج اور دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہے- مختلف صورتوں میں تمباکو کا استعمال ہر سال لاکھوں ہلاکتوں کا سبب بھی بن رہا ہے۔ تمباکو نوشی سے ہر سال ایک لاکھ 70 ہزار  سے زیادہ پاکستانی موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن