پٹرول کی قیمت میںاضافے سے مہنگائی میں طوفان آئیگا:ضیاء الدین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ اور امیر ضلع غربی لاہور عبدالعزیزعابدنے کہا ہے کہ پیٹرل کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے کے اضافے سے مہنگائی کا طوفانِ بدتمیزی آئے گا۔بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی غلامی میں پوری قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ بجلی و گیس کی قیمتوں میں کمرتوڑ اضافے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام پر ظلم ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر عملدآمد سے ملک میں مہنگائی کے عذاب کی شدت بڑھتی جا رہی ہے جبکہ اس دوران حکمرانوں کی لوٹ مار اور عیاشیاں بھی کم نہیں ہو رہیں۔ بجلی و گیس اورپٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہیں۔ موجودہ حکومت انہی افراد پر مبنی ہے جو مہنگائی کے خلاف سب سے زیادہ تقریریں کرتے تھے اور کنٹینر پر کھڑے ہو کر بجلی کے بل بھی جلا دیتے تھے۔