اللہ تعالیٰ نے فساد فی الا رض کوپوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے:حسین رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) صاحبزادہ حسین رضا صدر وفاق المدارس الاسلامیہ الرضویہ پاکستان کی اپیل پر وفاق المدارس الرضویہ پاکستان سے وابستہ 200 مفتیان کرام نے اجتماعی فتوٰی جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے قتل نا حق اور فساد فی الا رض کوپوری انسانیت کا قتل قرار دیا ہے۔جیسا کہ قرآن مجید ہے کہ جو کوئی بغیر قصاص کے قتل کرے یا زمین میں فساد کرے، تو گویا اس نے سب انسانوں کو قتل کیا۔(سور? المآئدہ ۳۲:۵)اسی طرح اللہ تعالیٰ نے مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرنے والے کا ٹھکانہ جہنم قرار دیا ہے۔ جیسا کہ قرآ ن مجید میں ہے کہ جو شخص کسی مسلمان کو جان بوجھ کر قتل کرے ،تو اس کا ٹھکانہ ہمیشہ کے لیے دوزخ ہے،اس پر اللہ تعالیٰ کا غضب اور لعنت ہے،ایسے شخص کے لیے بڑا عذاب ہے۔فتوٰی میں قرار دیا گیا ہے کہ کسی بھی اسلامی ریاست میں خودکش حملے اور مسلّح جدوجہد حرام ہے ، پاکستان ایک اسلامی ریاست ہے ، جس کا تحفظ ہم سب کا فرض ہے،خود کش حملے اور مسلّح جدوجہد کرنے والوں کا ٹھکانہ جہنم ہے۔صاحبزادہ حسین رضا نے کہ ہم باجوڑ حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔