• news

قطر، طالبان کا امریکی نمائندہ سے پابندیاں ہٹانے اور منجمد اثاثے بحال کرنیکا مطالبہ

دوحہ (این این آئی)قطر میں دو روزہ مذاکرات کے بعد امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی حکام نے افغانستان کے طالبان کو بتایا ہے کہ واشنگٹن اقتصادی استحکام اور منشیات کی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے تکنیکی بات چیت کے لیے تیار ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق کابل انتظامیہ نے کہا کہ طالبان حکام نے طالبان رہنمائوں پر سے سفری اور دیگر پابندیاں اٹھانے اور بیرون ملک رکھے گئے افغان مرکزی بینک کے اثاثوں کی واپسی کا مطالبہ کیا۔سٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی فریق نے انسانی حقوق کے بگڑتے ہوئے خدشات کو دہرایا اور طالبان سے لڑکیوں کی ثانوی تعلیم اور خواتین کی ملازمت پر عائد پابندیوں کو واپس لینے اور حراست میں لیے گئے امریکیوں کی رہائی کے لیے زور دیا ہے۔امریکی محکمہ نے افغانستان میں بہتر مالیاتی اعداد و شمار اور افراط زر میں کمی کے متعلق بھی مثبت بات کی۔ اسی طرح 2022 کی پابندیوں کے تحت افیون پوسٹ کی کاشت میں کمی کو سراہا گیا۔ امریکی فریق نے انسداد منشیات پر بات چیت جاری رکھنے کے لیے کھلے پن کا اظہار کیا اور کہا امریکی فریق بھی معاشی استحکام کے مسائل کے حوالے سے جلد ہی تکنیکی بات چیت کے لیے تیار ہے۔ افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبد القھار بلخی نے انگریزی زبان میں کہا کہ آئی ای اے نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اعتماد سازی کے لیے یہ بہت ضروری ہے کہ طالبان رہنماں پر سفری پابندیاں ختم کی جائیں اور مرکزی بینک کے ذخائر کو غیر منجمد کر دیا جائے تاکہ افغان غیر ملکی امداد پر انحصار نہ کرنے والی معیشت قائم کر سکیں۔

ای پیپر-دی نیشن